تقریباً 10 برس پہلے جیمز ہاویلز نے صفائی کے دوران ایک ہارڈ ڈرائیو پھینک دی۔ وہ بھول گئے تھے کہ اس میں اُن کے بٹ کوائن موجود ہیں۔
اب جب اُن کے بٹ کوائنز کی قیمت اندازاً 18 کروڑ 40 لاکھ امریکی ڈالر ہے تو وہ گمشدہ ہارڈ ڈرائیو تلاش کرنے کی کوشش میں برطانیہ کے شہر نیوپورٹ کے لینڈ فل (کچرا پھینکنے کا مقام) کی کھدائی میں لاکھوں خرچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
ہاویلز نے کہا ہے کہ اگر انھیں ہارڈ ڈرائیو واپس مل جاتی ہے تو وہ شہر کو کرپٹو کرنسی کے مرکز میں تبدیل کرنے کے لیے اپنے منافع کا 10 فیصد دیں گے۔
لیکن مقامی حکام پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ اس لینڈ فل میں کھدائی سے ماحولیاتی خطرہ لاحق ہے۔
ہاویلز ایک کمپیوٹر انجینئیر ہیں اور اُنھوں نے سنہ 2013 میں سکے کی ابتدائی ترقی کے مراحل میں 8,000 بٹ کوائنز کی مائننگ کے بعد غلطی سے ہارڈ ڈرائیو پھینک دی تھی۔
بٹ کوائن کی قدر میں بے حد اتار چڑھاؤ آتا ہے۔ مثال کے طور پر جنوری 2021 میں ہاویلز کے بٹ کوائنز کی مالیت تقریباً 25 کروڑ ڈالر تھی لیکن رواں سال اس میں بھاری کمی دیکھنے میں آئی ہے۔
مذکورہ لینڈ فِل کی منتظم نیوپورٹ سٹی کونسل نے ماحولیاتی اور رسائی کی وجوہات کی بنا پر اسے کھودنے کے لیے سائٹ تک رسائی سے مسلسل انکار کیا ہے۔
ہارڈ ڈرائیو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے ہزاروں ٹن کمپیکٹ شدہ ملبے کو ہٹانے کے لیے بہت زیادہ دستی کھدائی کے کام کی ضرورت ہو گی جو کئی دہائیوں سے سائٹ پر جمع ہے
